نئی دہلی، 20؍جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )کانگریس صدر سونیا گاندھی نے کشمیر کے حالیہ واقعات کے لیے مرکز کی نریندر مودی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ وہاں کے موجودہ حالات نے ملک کے سامنے سنگین خطرہ پیدا کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کی حکومت نے وادی میں بے حد اچھا کام کیا تھا، لیکن اب ایسا نہیں ہے۔پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کے دوران کانگریس پارلیمانی پارٹی کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے سونیا گاندھی نے کہاکہ وادی کے حالیہ واقعات افسوسناک ہیں اور ملک کے لیے سنگین خطرہ پیدا کرتے ہیں۔قومی سلامتی کے ساتھ کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا، دہشت گردوں کے ساتھ سختی سے نمٹاجاناچاہیے ۔اس کے ساتھ ہی ہمیں خود سے بھی پوچھنا چاہیے کہ نوجوانوں کو تشدد کی اس سطح تک لے جانے کی وجہ کیاہے؟۔انہوں نے کہا، کیا ہم ایمانداری سے کہہ سکتے ہیں کہ ہم نے ان کے مسائل کو سنجیدگی کے ساتھ حل کیا۔کشمیر میں حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان وانی کے مارے جانے کے بعد سے گزشتہ 11دنوں میں پرتشدد مظاہروں اور سیکورٹی فورسزاورمظاہرین کے درمیان تصادم کے واقعات میں 40سے زیادہ لوگوں اپنی جان گنوابیٹھے ہیں ۔